ایران نے اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا، اسرائیلی ڈرون ایران اسمگل کرنیوالی گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔
اسرائیلی اخبار نے گزشتہ روز خبر دی تھی کہ اسرائیل نے ایران کے اندر سے ڈرونز کی مدد سے اہداف پر حملے کیے، جس کیلئے اسرائیلی کمانڈوز اور ڈرونز کو خفیہ طور پر ایران میں منتقل کیا گیا تھا، ڈرون حملوں کیلئے بیس تہران کے قریب بنایا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا تھا کہ اسرائیلی فوجیوں کو نقل و حرکت کرتے دیکھا جاسکتا تھا جبکہ ویڈیو میں کچھ اہداف پر حملے بھی دکھائے گئے تھے، اس کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ویڈیو ایران کے اندر موجود کمانڈوز کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کیلئے جاسوسی کے الزام میں 5 افراد کو گرفتر کرلیا ہے جبکہ اسرائیلی ڈرونز اسمگل کرنے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے۔
اسرائیل نے جمعرات اور جمعہ کی شب ایران کے مختلف شہروں پر طیاروں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اعلیٰ فوجی قیادت سمیت درجنوں افراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔
ایران نے اسرائیل کے جارحانہ حملوں کا جواب دیتے ہوئے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب آپریشن ’’وعدہ صادق سوم‘‘ کا آغاز کیا اور ہائپر سونک سمیت سیکڑوں میزائل تل ابیب پر داغ دیئے۔





















