وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران یو اے ای کے صدر محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی ہے جس دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان نے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں تعمیری کردار پر شکریہ ادا کیا۔
شہبازشریف نے خطے میں امن،مذاکرات اور استحکام کے فروغ میں یو اے ای کے مثبت کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت انداز اور جاری پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کااعادہ کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرداخلہ محسن نقوی شریک ہوئے ۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔






















