خیبر پختون خوا کے بجٹ 2025-26 کے اہم خدوخال سامنے آ گئے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ 157 ارب روپے سرپلس ہو گا۔
ذرائع کے مطابق بجٹ کا کل حجم 2118 ارب روپے مقرر کیا گیاہے ، آیندہ مالی سال کے اخراجات 1962 ارب روپے ہونگے، مالی سال2025-26 کا بجٹ 157 ارب روپے سرپلس ہوگا، این ایف سی میں صوبے کا حصہ 1400 ارب روپے ملنےکی توقع، ہے ۔
بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق سے 106ارب روپے ملیں گے جبکہ صوبے کی اپنی آمدن 129 ارب روپے ہونے کی توقع ہے، ضم قبائلی اضلاع کے لئے وفاق سے 292 ارب روپے گرانٹ ان ایڈ ملیں گے، آئندہ مال سال میں تنخواہوں کی ادائیگی پر 680 ارب روپے خرچ ہونگے، پنشن کی ادائیگیوں پر194.97 ارب روپے لگیں گے۔
آیندہ مالی سال تنخواہوں کے علاوہ اخراجات 539 ارب روپے کی توقع ہے، مجموعی سالانہ ترقیاتی پروگرام 547 ارب روپے ہو گا، غیرملکی قرضہ وامداد سے 177 ارب روپے ملیں گے، پی ایس ڈی پی کی مد میں وفاق سے تین اعشاریہ 47 ارب روپے ملنے کی توقع ہے، خیبرپختونخوا کا اپنا سالانہ ترقیاتی پروگرام 266 ارب روپے ہو گا۔
بندوبستی اضلاع اے ڈی پی 195 ارب روپے کی ہوگی، قبائلی ضم اضلاع اے ڈی پی 32 ارب روپے ہوگی، ضم اضلاع کے لئے تیز تر ترقیاتی پروگرام 42 ارب روپے کا ہو گا، صوبے میں صحت کارڈ کے لئے مجموعی طور پر 47 ارب روپے رکھے گئے ہیں، صوبے میں بلاک ایلوکیشنز کے تحت تمام پراجیکٹس کا اختیار وزیراعلی کے پاس ہو گا۔






















