ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اتوار کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق وہ غزہ پر ہونیوالی او آئی سی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) مقبوضہ فلسطینی علاقہ جات کی صورتحال پر سعودی دارالحکومت ریاض میں اتوار 12 نومبر کو غیرمعمولی اجلاس منعقد کرے گی۔
ایرانی حکام کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی بھی اتوار کو سعودی عرب کا دورہ کریں، جہاں وہ غزہ پر ہونیوالی او آئی سی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
عرب ٹی وی کا کہنا ہے کہ اسلام تعاون تنظیم کا اجلاس سعودی عرب کی دعوت پر منعقد کیا جارہا ہے۔
خیال رہے اسرائیلی حکام کے مطابق گزشتہ مہینے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حماس کے حملے میں 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
اس حملے کے بعد سے اسرائیل حماس کو کچلنے کیلئے غزہ کی پٹی پر مسلسل ایک ماہ سے حملے کر رہا ہے، جس میں 10 ہزار سے عام شہری شہید ہوچکے ہیں، شہداء میں 4 ہزار سے زائد بچے، 3 ہزار سے خواتین، ڈیڑھ سے زائد ڈاکٹر اور طبی عملے کے ارکان، 50 کے قریب صحافی اور اقوام متحدہ کے درجنون کارکن بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 23 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے، غزہ میں پوری آبادی محصور ہے اور ان پر حملے ہو رہے ہیں۔
عالمی ادارے کا مزید کہنا ہے کہ غزہ والے زندہ رہنے کیلئے ضروری اشیاء تک رسائی سے بھی محروم ہیں، ان کے گھروں، عبادت گاہوں، اسپتالوں پر بمباری کی گئی، یہ ناقابل قبول ہے۔