وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی رہائی نظر نہیں آرہی اور اب ہمارے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ، ہم بزور بازو اس نظام کو شکست دیں گے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ڈنڈے کے زور پر ہمیں غلام بنا لیں گے لیکن اب ہم ڈنڈے کے جواب میں ڈنڈا اور گولی کے مقابلے میں گولی چلائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی پیشی لگوائی تھی لیکن پراسیکیوٹر کہہ رہا ہےاس کو پیشی کا علم نہیں، دنیا کو پتہ ہے، پراسیکیوٹرجھوٹ بول رہا ہے، عدلیہ آزاد نہیں ، ہمیں اس پر یقین نہیں، ہم سڑکوں پر تحریک چلائیں گے، تحریک کیلئے لائحہ عمل بنائیں گے، ہم نے اپنی پوری کوشش کی ، مزید کوشش کریں گے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ملک پر قابض لوگ فیصلے کر رہے ہیں اور پاکستان تباہ ہو رہا ہے، ہمارے ملک کے بجٹ کی شروعات قرضوں سے ہوتی ہے، آئین اور قانون کا کباڑہ کر دیا گیا ہے، بشریٰ بی بی کیساتھ جیسا کیا گیا کسی کی اہلیہ کے ساتھ نہیں کیا گیا، ہم غلامی برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم حق کے ساتھ ہیں ، جیت بھی ہماری ہوگی، بانی پی ٹی آئی پوری قوم کیلئے لڑ رہے ہیں، میرے پاس عہدہ نہیں ، اب جنید اکبر کے پاس ہے، سب نے تحریک کو لیڈ کرنا ہے تب ہی ہم جنگ جیتیں گے، کسی عہدے کی وجہ سے کام نہیں کر رہا، بانی پی ٹی آئی ایک اور چھوٹی کمیٹی بنائیں گے، ہر بندے کی ذمہ داری ہے کہ وہی پوری تحریک کو لیڈ کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے مجھے ووٹ دیا ہے، وزیراعلیٰ کا پروٹوکول استعمال کروں گا، ٹھوک کر وزیراعلیٰ کا پروٹوکول استعمال کروں گا، جو لوگ بیٹھے ہوئے ہیں انہیں نظر نہیں آرہا کہ فسطائیت ہو رہی ہے، ملک کا نظام چلانے والی ایسی سوچ بنا چکے ہیں جو ملک کو آگے نہیں لے جا سکتی۔






















