پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ، افسران اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے قومی سلامتی، خطے کی بدلتی صورتحال اور پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے آپریشن "بنیان مرصوص" کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا۔اور کہا کہ پوری قوم اور قیادت دشمن کے خلاف فولادی دیوار بن چکی ہےاور "معرکہ حق" کی کامیابی تمام ریاستی عناصر کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے خطے میں ابھرتے تنازعات اور عالمی چیلنجز پر بھی روشنی ڈالی، اور بھارتی فوجی جارحیت کے خطرناک رجحان پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کسی بھی قسم کی جارحیت کو شکست دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بھارت کو "ہائیڈرو دہشتگردی" جیسے غیر قانونی اور ناقابلِ برداشت اقدامات سے باز رہنے کا انتباہ دیا ہے بھارت پاکستان کے اندر دہشتگردی کی سرپرستی میں ملوث ہے، جس کے ثبوت عالمی سطح پر پیش کیے جا چکے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں نوجوان افسران کو لگن، عزم اور جذبے کے ساتھ قومی ذمہ داریاں ادا کرنے کی تلقین کی، اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے مستقبل کے فوجی لیڈرز کی تیاری میں اہم ادارہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تربیت کے ساتھ ساتھ ہمیں مستقبل کے میدانِ جنگ کے لیے بھی تیار رہنا چاہیےفیلڈ مارشل کے دورے کے موقع پر کمانڈر کوئٹہ اور کمانڈنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔






















