صدرمملکت آصف علی زرداری سے گورنر ہاؤس لاہور میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ملاقات کی جس دوران ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، موصلاتی نظام کی بہتری اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور نواب شہزاد بھی موجود تھے ، ملاقات میں وفاقی وزیرعلیم خان نے صدرمملکت کو وزارتِ مواصلات کی جاری اور مجوزہ منصوبوں پر آگہی دی ۔
صدر مملکت نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے جدید اور پائیدار مواصلاتی نظام ناگزیر ہے،ترقیاتی منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی رفتار تیز کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی سے ہی ترقیاتی اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں، وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت منصوبوں کی بروقت تکمیل قومی مفاد میں ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے تمام اداروں کو باہمی تعاون کو فروغ دینا ہو گا۔






















