انگلش کپتان ہیری بروک نے ایک اننگز میں 5 کیچز پکڑ کر جنوبی افریقی فیلڈنگ اسٹار جونٹی روڈز کا ریکارڈ برابر کردیا۔ انگلینڈ نے پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 238 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔
انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو ایجبسٹن میں کھیلا گیا، جس میں انگلش ٹیم نے 400 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کردیا، ویسٹ انڈین سائیڈ جواب میں محض 162 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کی خاص بات انگلش کپتان ہیری بروکس کی شاندار فیلڈنگ پرفارمنس تھی، انہوں نے جنوبی افریقی اسٹار جونٹی روڈز کا سالوں پرانا ریکارڈ برابر کردیا۔
ہیری بروکس نے فیلڈنگ کے دوران میچ میں 5 شاندار کیچز پکڑے، انہوں نے جسٹسن گریو، کیسی کارٹی، جیول اینڈریو، عامر جینگو اور گوداکیش موتی کے کیچز پکڑ کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے بیٹرز نے سیریز کے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈین بولرز کا بھرکس نکال دیا اور منفرد ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کر دیا، انگلش ٹیم کی جانب سے کسی بھی بیٹر نے سنچری اسکور نہیں کی، انگلینڈ بغیر سنچری کے 400 رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔
اس سے قبل کسی بھی کھلاڑی کی سنچری کے بغیر ون ڈے میں کسی بھی ٹیم کے سب سے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ جنوبی افریقا کے پاس تھا جس نے 2007ء میں پاکستان کیخلاف 392 رنز اسکور کیے تھے۔






















