میئر لندن بورو آف ہونسلو (London Borough of Hounslow)افضال کیانی کا کہنا ہے پاکستان (PAKISTAN)کے موجودہ حالات کے پیش نظر اوورسیز یہاں سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتے ہیں، حکومت گارنٹی دے تو بڑے پیمانے پر اوورسیز سے سرمایہ کاری آسکتی ہے۔
لندن کے مضافاتی علاقوں کی ہونسلو لندن بورو کونسل کے پاکستانی نژاد میئر افضال کیانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی کوشش ہونی چاہئے کہ پاکستان کی بہتری کیلئے کام کریں، موجودہ حالات کے باعث اوورسیز پاکستانی یہاں سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے باعث پاکستان کا امیج اوورسیز کی نظر میں اچھا نہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی یہاں پراپرٹی خریدنے سے ڈرتے ہیں کہ کہیں قبضہ نہ ہوجائے، اگر حکومت گارنٹی دے تو اوورسیز سرمایہ کاری کریں گے۔
غزہ اور فلسطین کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے افضال کیانی نے کہا کہ ہم مسلمان ممالک ایک پیج پر نہیں، ہم نے کونسل کی سطح پر غزہ کے معاملے پر مشترکہ اسٹیٹمنٹ جاری کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ لندن میں مسلم کمیونٹی غزہ کے معاملے پر بڑے احتجاج کر رہی ہے، برطانیہ میں ہیومن رائٹس کو ترجیح دی جاتی ہے، فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔