پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثنا ء نواز نے کہا ہے کہ میں اپنے شوق کی وجہ سے ہیوی بائیک چلاتی ہوں۔
حال ہی میں اداکارہ ثناء نواز نے سماء ٹی وی کے پروگرام ’ حد کر دی ‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان مومن ثاقب کے دلچسپ سوالات کے جواب دیئے اور اپنے بائیک چلانے کے شوق بارے بھی بتایا۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرے پاس ہارلے ڈیوڈسن فیٹ بوب بائیک ہے، جو کافی مہنگی ہے اور اس کی قیمت 50 لاکھ روپے ہے اور مجھے ہیوی بائیکس کا شوق ہے اس لئے میں بائیک چلاتی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں اپنی بائیک پر انڈے ، روٹی یا بریڈ نہیں لینے جاتی اس لئے بائیکنگ کے دوران میرا کبھی چالان نہیں ہوا لیکن میں بائیک سے گری کافی بار ہوں۔
بھارتی اداکار سنی دیول کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ میں نے بھارت میں دو فلمیں کیں ، ایک پنجاب کی ’ دل پردیسی ہوگیا ‘ اور دوسری ’ قافلہ ‘ فلم تھی، پنجابی فلم ایک گلوکار نکویندر سنگھ کے ساتھ کی تھی اور قافلہ فلم سنی دیول کے ساتھ کی تھی۔
ثناء نے بتایا کہ فلم ’ قافلہ ‘ کی کہانی انسانی سمگلنگ کے حوالے سے تھی جس میں میں نے ایک افغان لڑکی کا کردار ادا کیا تھا اور میرا بہت اچھا تجربہ رہا۔
قافلہ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعہ بارے اداکارہ نے بتایا کہ ’ فلم کی شوٹنگ لداخ میں ہوئی تھی اور سیٹ پر جانے کے لئے صبح پانچ بجے اٹھنا ہوتا تھا جبکہ وہاں بہت سردی ہوتی تھی ‘۔
اداکارہ نے بتایا کہ ’ ایک بار جب ان کا اسسٹنٹ انہیں جگانے کے لئے آیا تو انہوں نے اسے کہا کہ تم پاگل ہوگئے ہو ، سنی دیول اتنے سینئر اداکار ہیں اور وہ اتنی جلدی کہاں پہنچیں گے، لیکن جب وہ سیٹ پر پہنچی تو سنی ان سے پہلے سیٹ پر موجود تھے‘۔
ثناء کا مزید کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے پروفیشنل رہی ہوں لیکن میں نے وہاں سے بہت سی چیزیں سیکھیں۔
یاد رہے کہ ثناء نواز نے کیریئر کا آغاز اداکار شان شاہد اور اداکارہ ریشم کے ساتھ اردو فیچر فلم ’ سنگم ‘ سے کیا تھا۔