انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023 میں بھارت تاحال ناقابل شکست ہے، جنوبی افریقا کو 243 رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا، پروٹیز 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 83 رنز پر ڈھیر ہوگئے، 7 کھلاڑی سنگل فیگر میں آؤٹ ہوئے، رویندرا جڈیجا نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
ورلڈ کپ 2023ء کے میچ میں بھارت کے 327 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پروٹیز کی پوری ٹیم صرف 83 رنز پر پویلین لوٹ گئی، میزبان ٹیم نے میچ 243 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔
جنوبی افریقا کے 7 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے، کوانٹن ڈی کوک 5، ٹیمبا باووما 11، رسی وان ڈوسین 13، ایڈن مرکرم 9، ہینرک کلاسن 1، ڈیوڈ ملر 11، مارکو ہینسن 14، کیشو مہاراج 7، کاگیسو ربادا 6 اور لونگی نگیدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، تبریز شمسی 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 33 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے 2، 2 اور محمد سراج نے ایک شکار کیا۔
ویرات کوہلی کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میزبان بھارت اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے 37 ویں میچ میں ایڈن گارڈنز میں مدمقابل تھیں، جہاں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنا ڈالے۔
ویرات کوہلی نے 121 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے شامل تھے، شریاس ائیر نے 77 رنز بنائے، انہوں نے اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔
بھارتی اوپنرز کپتان روہت شرما 40 اور شبمن گل 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کے ایل راہول 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سوریا کمار یادیو 22 رنز بناسکے، رویندرا جڈیجا نے 15 گیندوں پر 29 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے نگیڈی، ربادا، ہینسن، شمسی اور مہاراج نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔