بجلی کی سرکاری پیداواری کمپنیوں کے ملازمین کےمستقبل کا پلان سامنے آگیا۔
دستاویز کے مطابق حکومت تمام سرکاری پیداواری کمپنیز کے پاورپلانٹس کو فروخت کیلئے پیش کرچکی، سرکاری پیداواری کمپنیوں اور پاورپلانٹس میں ملازمین کی تعداد 6 ہزارسے زائد ہے، مستقبل میں کچھ ملازمین کو ڈسکوز کے حوالے کیا جائے گا۔
سرکاری پیداواری کمپنیوں اور پاورپلانٹس کے 6 ہزار ملازمین میں سے 1127 ملازمین کو سرکاری تقسیم کار کمپنیوں میں تعینات کیاجائے گا۔ ملازمین کوحیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں منتقل کیا جائے گا۔ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 159 ملازمین کو منتقل کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق ملتان الیکٹرک پاورکمپنی میں 309،لاہورالیکٹرک سپلائی میں 55 ملازمین کو بھیجا جائےگا، 97 ملازمین کو فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ٹرانسفر کیا جائے گا۔ گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنی میں 23 اور22 ملازمین کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی منتقل ہوںگے۔
پچاس سے زائد ملازمین اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی،40 پشاورالیکٹرک سپلائی کمپنی منتقل ہوں گے، 4 ملازمین کو ہزارہ اور ایک کو ٹیسکو میں منتقل کیا جائے گا۔
سرکاری پیداواری کمپنیزکےمجموعی طور پر29 پاورپلانٹس ہیں، 29 پاورپلانٹس کی پیداواری صلاحیت 4 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔ حکومت نے ان پاور پلانٹس کی ریزرو قیمت 40 ارب روپے مقرر کر رکھی ہے۔





















