متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے اکثر لوگ چاہتے ہیں کہ وہ ایسی جگہ سرمایہ کاری کریں جہاں سے انھیں اچھا منافع حاصل ہوتا رہے لیکن اُن کا سرمایہ بھی محفوظ رہے۔ کئی نوجوان کاروبار یا سرمایہ کاری کے ذریعے اپنی قسمت چمکانا چاہتے ہیں۔ لیکن پاکستان میں جب بھی بچت و سرمایہ کاری کی بات ہوتی ہے تو یہاں نوجوانوں کے لیے حالات کچھ حوصلہ افزا نظر نہیں آتے۔
پاکستان میں تقریباً 23 کروڑ لوگ رہتے ہیں مگر صرف چند لاکھ لوگ ہی میوچوئل فنڈز میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، جو کہ حیرت انگیز طور پر ایک ترقی پذیر ملک کے لحاظ سے بہت ہی کم تناسب ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت کو معلوم ہی نہیں ہے کہ میوچوئل فنڈز ہے کیا، تو کوئی اس میں سرمایہ کاری بھلا کیسے کرے گا۔ مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بہت سارے لوگ اس بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔
آپ میوچوئل فنڈز میں سرمایہ کاری کس طرح کرسکتے ہیں؟
اسٹاکس میں سرمایہ کاری ایک اچھا خیال ہے تاہم اسٹاکس میں سرمایہ کاری میں مستحکم سطح پر رہنے کے لیے آپ کو کم از کم اکاؤنٹنگ، فنانس، معاشیات اور ریاضی کی ابتدائی معلومات کی ضرورت پڑتی ہے۔ ہر کوئی اس قسم کی تربیت نہیں رکھتا، اور جو رکھتے بھی ہیں تو ان میں زیادہ تر کے پاس اسٹاکس میں سرمایہ کاری کے لیے خود تحقیق کرنے کا وقت ہی نہیں ہوتا۔
اس رکاوٹ کو عبور کرنے کا عام طریقہ میوچوئل فنڈز ہیں۔ میوچوئل فنڈز درحقیقت آپ کی سرمایہ کاری کی دیکھ بھال کرنے والی کمپنیاں کے قائم کردہ پورٹ فولیو ہوتے ہیں، اور ان کمپنیوں کے پاس آپ کے لیے ریسرچ کرنے کے لیے ایک تربیت یافتہ انویسٹمنٹ اسٹاف موجود ہوتا ہے۔
تھوڑی سی فیس کے عوض یہ کمپنیاں بڑی تعداد میں سرمایہ کاروں سے سرمایہ لے کر انہیں جمع کر دیتی ہیں، ان سے سرمایہ کاری کرتی ہیں اور منافع کو ابتدائی سرمائے کے حساب سے تقسیم کر دیتی ہیں۔
میوچوئل فنڈز کی درجہ بندی ان سکیورٹیز کی اقسام پر منحصر ہوتی ہیں جن میں سرمایہ کاری کی جاتی ہے۔ مثلاً اسٹاک میوچوئل فنڈ میں اسٹاکس کے علاوہ کہیں اور سرمایہ کاری کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ جبکہ فکسڈ انکم فنڈ میں اسٹاکس میں سرمایہ کاری کی اجازت نہیں ہوتی۔
ایک متوازن یا بیلینسڈ فنڈ کو اسٹاکس اور بانڈز دونوں میں سرمایہ کاری کی اجازت ہوتی ہے، مگر صرف ایک کیٹیگری کی سرمایہ کاری میں سرمایہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔
سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی اکثریت کے لیے میوچوئل فنڈز میں سرمایہ کاری سب سے معقول انتخاب ہوگا۔ پاکستان میں 23 اسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں ہیں۔ ان تمام کمپنیوں اور ملک میں موجود تمام میوچوئل فنڈز کی فہرست میوچوئل فنڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ پر موجود ہے۔
میوچوئل فنڈ میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے پہلے یہ انتخاب کریں آپ کو کس قسم کا میوچوئل فنڈ چاہیے۔ اس کے لیے کوئی مخصوص ضوابط تو نہیں ہیں، البتہ اسٹاک فنڈز عمومی طور پر اس سرمایہ کاری کے لیے بہتر ہوتے ہیں، جس میں آپ کو دس یا اس سے زائد سال کے عرصے تک پیسوں کی ضرورت کی توقع نہیں ہوتی، جبکہ فکسڈ انکم فنڈز کچھ خاص مواقع کے لیے ہوتے ہیں جہاں آپ کو بہت کم دورانیے میں ہی پیسوں کی ضرورت کی توقع ہوتی ہے۔
تو آپ کو کس اسٹاک کا انتخاب کرنا چاہیے؟
فرض کیجیے کہ آپ نے اسٹاک فنڈ میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تو آپ کو کس اسٹاک کا انتخاب کرنا چاہیے؟ پاکستان میں 34 ایکوئٹی فنڈز ہیں (جو کہ ترقی یافتہ مارکیٹوں کے مقابلے میں انتہائی کم تعداد ہے، مگر پھر بھی انتخاب کے لیے ایک اچھی خاصی تعداد ہے)۔
اس فیصلے کے لیے ہم دو چیزوں، ان کے ریکارڈ اور ادارے کے معیار کو دیکھتے ہیں۔ عموماً طویل ریکارڈ رکھنے والی کمپنیاں بہتر ہوتی ہیں، جبکہ دیگر اقسام کے فنڈز کے مقابلے میں انڈیکس فنڈز محفوظ رہتے ہیں۔
چلیے فرض کیجیے کہ آپ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کسی بھی کمپنی سے سرمایہ کاری کی شروعات کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ تو آپ یہ کیسے کریں گے؟ آپ ان متعلقہ کمپنی کے دفاتر میں جانے سے شروعات کریں گے۔ وہاں کا سیلز اسٹاف آپ کو دو فارم پُر کرنے کو کہے گا۔ ایک فارم انوسٹمنٹ مینیجمنٹ کمپنی کی طرف سے ہوتا ہے جبکہ دوسرا فارم سینٹرل ڈپوزٹری کمپنی (سی ڈی سی) آف پاکستان کی طرف سے ہوتا ہے۔
سی ڈی سی ملک میں ہونے والی تمام سرمایہ کاری کا مرکزی دفترِ اندراج ہے۔ اس کا مقصد اس چیز کو یقینی بنانا ہے کہ آپ کی اسیٹ مینیجمنٹ کمپنی یا بروکریج فرم آپ کا پیسہ لے کر بھاگ نہ پائے۔ ایسا نہیں ہے کہ اس طرح بروکر یا فنڈ مینیجر کے ہاتھوں سرمایہ کار کا دھوکہ کھانا ناممکن ہوجاتا ہے، مگر سی ڈی سی کی وجہ سے کمپنیوں کے لیے ایسا کرنا اب بہت مشکل ہو گیا ہے۔
انتہائی اہم ہدایات
جو پیسہ آپ نے کمپنی میں جمع کروایا ہے اس کی رسید حاصل کریں، اس بات کی تسلی کرلیں کہ کمپنی نے آپ کو تحریری طور پر بتایا ہے کہ آپ نے کتنے یونٹس کتنی قیمت میں خریدے ہیں۔ کمپنی سے پوچھیں کہ کس طرح انٹرنیٹ اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔
جب تک آپ یہ ساری معلومات حاصل نہیں کر لیتے، تب تک وہاں سے نہ جائیں۔ میں آپ کو منظم (سسٹمیٹک) سرمایہ کاری کا پلان تجویز کروں گا۔ زیادہ تر میوچوئل فنڈ کمپنیوں میں 5 ہزار روپے سے اکاؤنٹ کھولنا ممکن ہوتا ہے، اور اس کے بعد ایک ایک ہزار روپے کر کے سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے۔
بغض ادارے تو میوچوئل فنڈ میں ابتدائی سرمایہ کاری کے بعد 500 روپے بھی لگانے کی اجازت دیتا ہے۔ ہر ایک اسیٹ مینجمنٹ کمپنی کا منظم سرمایہ کاری کرنے کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے، مگر سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ جس بینک میں آپ کا اکاؤنٹ ہو اسے اپنے میوچوئل فنڈ میں پیسے منتقل کرنے کی ہدایت کردیں۔