خیبر پختونخوا حکومت نے صحت کارڈ پلس میں مزید چار پیچیدہ بیماریوں کا مہنگا علاج بھی شامل کر دیا ہے،جس کے تحت اب جگر، گردے اور بون میرو کی پیوند کاری کا علاج بھی مفت ہوگا۔
مشیر اطلاعات بیرسٹرمحمد علی سیف نےکہا کہ پی ٹی آئی صوبائی حکومت نےایک اور فلاحی قدم اٹھایا ہے،چارمہنگے علاج والی بیماریوں کا علاج بھی اب مفت ہوگا،جن میں آلۂ سماعت کی تنصیب کا علاج بھی صحت کارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ صحت کارڈ سے او پی ڈی کا پائیلٹ پراجیکٹ کا آغاز مردان سے جلد کیا جائے گا،صحت کارڈ پلس کے تحت صوبے بھرمیں ایک کروڑ چھ لاکھ افراد کو مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں،جبکہ صحت کارڈ کے اجراء سے اب تک بیالیس لاکھ سے زائد افراد صحت کی مفت سہولتوں سے مستفید ہوچکےہیں،جس پر ایک سو اٹھا ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔
انہوں نےکہاکہ ملک بھر میں صحت کارڈ کےپینل پرموجود سات سو ترپن اسپتالوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کو صحت کی مفت سہولیات دی جارہی ہیں،بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق عوام کو صحت کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،بیرسٹرسیف نےکہا کہ دیگر بیماریوں کا علاج بھی جلد صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا۔






















