سندھ کے 16 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کےلئے پولنگ جاری ہے۔ کراچی کے 5 اضلاع کی 9 نشستوں سمیت صوبہ بھر میں تمام خالی نشستوں پر شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے نگرانی کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے 5 اضلاع کی 9 بلدیاتی نشستوں پرضمنی انتخابات کے سلسلے میں ضلع ملیر اور ضلع جنوبی کی 6 ضلع شرقی، کیماڑی اور وسطی کی 3 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔ جہاں دو لاکھ لاکھ 6 ہزار 686 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز میں عملہ اور سامان پہنچا دیا گیا۔ 121میں سے 42 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 79 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات ہوگی۔
انتخابی میدان میں پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور ٹی ایل پی امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔ مئیرکراچی مرتضٰی وہاب صدر ٹاؤن کی یوسی 13 اور ڈپٹی مئیرسلمان عبداللہ مراد بھی انتخابی معرکے میں حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب سکھر ڈویژن میں بھی ضمنی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے میدان سج گیا۔ سکھر، خیرپور اور گھوٹکی میں خالی 6 نشستوں پر مقابلہ ہورہا ہے۔ اس حوالے سے خیرپور میں 4، سکھر اور گھوٹکی میں ایک ایک نشست پر مقابلہ ہورہا ہے جبکہ خیرپور میں دو میونسپل، ایک ٹاؤن کمیٹی اور ضلع کونسل کی نشست پر پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور جی ڈی اے پنجہ آزمائی کررہے ہیں۔