وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان ڈٹے ہوئے ہیں اور انہوں نے مجھے احتجاجی تحریک کیلئے دوبارہ ذمہ داری دی ہے۔
جمعرات کے روز بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں جس طرح قوم کھڑی رہی اس پر بانی نے قوم کوسلام پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ ہماری بات چیت اور ڈیمانڈ آئین کے لیے ہے، ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے اور اس کی واپسی ملک کی ضرورت ہے، بار بار آئین کی پامالی ہو رہی ہے ، عدلیہ اسٹینڈ لے یہ عدلیہ کا کام ہے اور قوم کو ان کا حق اور مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ آج ملاقات کے دوران بجٹ اور حکومتی معاملات پر بانی کو بریف کیا ہے، مجھے 2 ماہ بعد ملاقات کی اجازت دی گئی ہے اور اگر یہ بجٹ پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرواتے تو آئی ایم ایف شرائط پر ان کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے، بجٹ پر فنانس مشیر اور دیگر لوگوں کی ملاقات ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کچھ کر کے یہ سسٹم بانی اور تحریک انصاف کو ختم نہ کرسکا تو اب سمجھ آ جانی چاہیے ڈنڈے کے زور پر ریاست نہیں چلا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ بہت جلد بانی کو جیل سے رہا کروائیں گے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ میں نے کب بولا کہ میری کوشش ہے کہ حکومت کے ساتھ بانی بیٹھے، پاکستان کے لیے بانی نے مذاکرات کا کہا ہے کہ وہ میسر ہیں، بانی جو بیان دیتے ہیں ہماری وہی لائن ہوتی ہے، کسی کی ذاتی سوچ پر میں کمںٹ نہیں کرسکتا، بانی نے جو بیان دیا وہ ہمارا بیان ہے اگر کسی نے بیان دیا اس سے پوچھا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کہہ دیا ہے اب زمین گرم ہونا شروع ہو جائے گی ، پنجاب کا موازنہ کے پی کے ورکرز سے نہیں کیا جا سکتا، ریاست 4 بار ہمارا راستہ نہیں روک سکی۔






















