وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ ہم نے الفتح مزائلوں سے بھارت کو چھٹی کا دودھ یاد دلایا،ہندوستان کے دوست نیوٹرل تھے،دنیا نے ہمارا ساتھ دیا،آزاد کشمیر کے شہدا کے ورثا کو ایک کروڑ،زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ کے چیک، افواج پاکستان کے شہدا کو رینک کے حساب سے ایک کڑوڑ سے ایک کروڑ 80لاکھ دیئے جائیں گے، شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کیلیے ایک کرڑو 90 لاکھ سے لیکر 4 کروڑ 20 دیئے جائیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ چندروزقبل پاکستان اور ہندوستان میں جنگ چھڑی ، وہ جنگ کسی لمحے خطرناک رخ اختیار کر سکتی تھی، اس جنگ کے نتائج بہت زیادہ بھیانک ہو سکتے تھے، پہلگام کا واقعہ بہت افسوسناک تھا ، ہندوستان نے اس کی بنیاد پر پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کی، ہم نے دنیا کو باور کروایا یہ جھوٹا،بے بنیاد الزام ہے، ہم نےکہایہ سازش کا حصہ ہے اور خطے کو تباہ کر سکتا ہے، ہم نے کہا اس واقعہ کی عالمی تحقیقات کیلئے تیار ہیں لیکن ہندوستان سےیہ بات ہضم نہ ہوئی اور پاکستان پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حملوں میں پاکستانیوں کی شہادتیں اور زخمی ہوئے ، اس معرکہ میں پاکستان نے بھارتی نہتےشہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، پاکستان نے ان کے وہ جہاز گرائے جن پر ان کو ناز تھا، ہم نے الفتح مزائلوں سے بھارت کو چھٹی کا دودھ یاد دلایا، بےشمارممالک یکسو تھے کہ پاکستان حق پر ہے، بھارت ایک گھمنڈ اور غرورمیں تھاکہ دنیا اس کے ساتھ ہو گی، ہندوستان کے دوست نیوٹرل تھے،دنیا نے ہمارا ساتھ دیا، ہم نے دشمن کے 6 طیارے تباہ کئے ، 9مئی کی رات کوفیصلہ ہوا کہ ہم دشمن کو ایک محدود جواب دیں گے، اسی رات سپہ سالار کا فون آیا کہ دشمن نے براموس مزائلوں سے ایئر بیسز پرحملہ کر دیا، سپہ سالار نے کہا وزیراعظم ایسا زور دار تھپڑ لگایا جائے کہ دشمن قیامت تک یاد رکھے، اس کے بعد ان کا کوئی ائیربیس ہمارے مزائلوں کی زد سے باہر نہیں تھا۔
شہبازشریف نے کہا کہ اسی صبح فون آیا اورکہا ہندوستان سیزفائر کیلئے تیار ہے یعنی گھٹنے ٹیکنے پر تیار ہے، مودی سرکار پاکستان پرحملہ آور ہونے سے قبل 100بار سوچے گی ، ہم نے جو سبق ہندوستان کو سکھایا،71کی شکست کابدلہ لےلیا ہے ، کچھ لوگوں کا خیال تھا کنونشل وار میں پاکستان ہندوستان سے پیچھے رہ گیا، ہمارے نیوکلیئر ہتھیاروں کی دور دور تک ضرورت نہیں پڑی ، امید ہے نیوکلیئر ہتھیاروں کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسی اتفاق اور اتحادکی طاقت سے معاشی ترقی کا سفر طے کرنا ہے، یہ تاریخ کی مختصرترین جنگ تھی،سپہ سالارکی دلیرانہ قیادت نے کامیابی عطا فرمائی، بحری فوج ’دوارکا‘ کی تاریخ دہرانے کیلئے تیار تھی ، ہماری افواج نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا اس کی مثال نہیں ملتی ، سیدعاصم منیر کو قوم نے فیلڈ مارشل کا ٹائٹل عطا فرمایا ہے، اتحاد سے چلیں تو دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکے گا، آئی ایم ایف وفد پاکستان کی تعریف کر رہا ہے، جب قرض کی زندگی سے قوم خاتمہ حاصل کرے گی تعریف پھر ہو گی ۔
ان کا کہناتھا کہ آزاد کشمیر کے شہدا کے ورثا کو ایک کروڑ،زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ کے چیک، افواج پاکستان کے شہدا کو رینک کے حساب سے ایک کڑوڑ سے ایک کروڑ 80لاکھ دیئے جائیں گے، شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کیلیے ایک کرڑو 90 لاکھ سے لیکر 4 کروڑ 20 دیئے جائیں گے، شہداکی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک مکمل تنخواہ جاری رہے گی، شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، شہداکی بیٹی کی شادی کیلئے 20لاکھ تک میرج گرانٹ دی جائے گی ، افواج کے زخمیوں کو 20 سے 50 لاکھ فی کس ملےگا۔
شہبازشریف نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہر پاکستانی حکومت نے بھرپور آواز اٹھائی ، ہرحکومت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ، پاکستان عوام کی دعائیں کشمیریوں کے ساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مسلمان ظلم برداشت کر رہے ہیں، کشمیری آج بھی اپنے حق کیلئے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔



















