سوشل میڈیا کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو ڈھائی سال قید سزا سنادی گئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو ڈھائی سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کا حکم سنادیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے کے مطابق ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ مجرم غیرملکی اکاونٹ سے بم بنانےسےمتعلق معلومات لے رہا تھا، ایف بی آئی نے معاملے بارے پاکستانی حکام کو آگاہ کیا، حکومت پاکستان نے ایف آئی اے کو معاملے کی مکمل چھان بین کی ہدایت کی۔
ایف آئی اے کی جانب سےدوران ٹرائل8گواہ عدالت میں پیش کیے گیے، مجرم حنان عبداللہ پربم بنانےکا طریقہ سیکھنے کا الزام ثابت ہوتا ہے، پراسیکیوشن اس الزام کےعلاوہ باقی کوئی الزام ثابت نہیں کر سکی۔
عدالت نے کہا کہ مجرم حنان عبداللہ کو سوشل میڈیا ایپ کےذریعے بم بنانا سیکھنے پر ڈھائی سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے، اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال ہے، عدالت کی نظرمیں حالات اورمجرم کی عمر دیکھتے ہوئےعدالت ڈھائی سال قید کی سزا سناتی ہے۔ مجرم حنان عبداللہ ضمانت پر ہے، حراست میں لیکر کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے۔






















