خضدار میں اسکول بس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونیوالی 3 طالبات کی شناخت ہوگئی، جن میں چھٹی جماعت کی ثانیہ، ساتویں جماعت کی حفظہ اور دسویں جماعت کی عیشہ شامل ہیں۔
بلوچستان کے علاقے خضدار میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں نے اسکول بس پر بم حملہ کیا، واقعے میں بچوں سمیت 5 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کیلئے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شہید طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو (12 سال)، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر (12 سال) اور دسویں جماعت کی عیشہ سلیم (16 سال) شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کو بلوچستان میں بھارت کی پراکسیوں نے منطقی انجام تک پہنچایا، پاکستان میں دہشتگردی کے تمام واقعات کے پیچھے بھارت کا مسخ شدہ چہرہ ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید کہا ہے کہ معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد اس بزدلانہ اور بھیانک حملے کی ہدایات بھارت نے دیں۔



















