محکمہ ریونیو سندھ میں ایک ہی روز میں 200 سے زائد مختیارکار اور سب رجسٹرار کے تقرر و تبادلے کردیئے گئے۔ نگران وزیر خزانہ و ریونیو سندھ یونس ڈھاگا کہتے ہیں سرکاری زمینوں پر قبضہ روکنے کیلئے لینڈ ریکارڈ کو ڈیجٹلائزڈ کررہے ہیں۔
بیوروچیف سماء کراچی اسلم خان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر خزانہ سندھ یونس ڈھاگا نے ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبے لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز جاری نہ کرنے کے بیانات کی تردید کردی۔ کہا کہ الیکشن کمیشن نگران دور میں نئے منصوبوں کی اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں ایک ہی روز میں 200 سے زائد مختیار کار اور سب رجسٹرار کے تقرر و تبادلے کردیئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ روکنے کیلئے لینڈ ریکارڈ کو ڈیجٹلائزڈ کررہے ہیں، ای رجسٹریشن کی طرف بھی جارہے ہیں، جس سے شہریوں کو سہولیات حاصل ہوں گی۔
سیلاب کے بعد بحالی کے کاموں پر نگران صوبائی وزیر نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 21 لاکھ میں سے صرف ایک لاکھ گھروں کی تعمیر شروع ہوئی، اسی رفتار سے کام چلتا رہا تو 21 سال لگیں گے۔