بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمیں اعتماد تھا ہم ہدف پورا کرلیں گی، فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی اور چھوٹی باؤنڈری کا اچھا فائدہ اٹھایا، جیت کا پورا کریڈٹ اسے جاتا ہے۔
بابر اعظم نے فخر زمان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے، نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بیٹنگ شروع کی تو ہمیں اعتماد تھا ہم کرلیں گے، ڈریسنگ روم میں کہا تھا ایک پارٹنر شپ لگالی تو آسانی ہوگی، بارش کی پیشگوئی بھی تھی جو ہمارے ذہن میں تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی، پورا کریڈٹ اسے جاتا ہے، فخر زمان کیساتھ شراکت بنائی، فخر نے چھوٹی باؤنڈری کا اچھا فائدہ اٹھایا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورلڈ لوئس میتھوڈ کے تحت 21 رنز سے شکست دیدی۔ بارش کے باعث گرین شرٹس کو 41 اوورز میں 342 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف ملا تھا، قومی ٹیم مے 25.3 اوورز میں ایک وکٹ پر 200 رنز بنائے تاہم میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔
پاکستانی کپتان نے کہا کہ ہم ہر میچ میں اپنا 100 فیصد دینا چاہتے تھے کچھ میچز اچھے نہیں گئے، جنوبی افریقا اور بنگلہ دیش کے میچز سے ٹیم نے مومنٹم پکڑا۔
فخر زمان نے کہا کہ آج کا دن میرا تھا، ہم جانتے تھے ہر میچ ہمارے لئے اہم ہے، میں نے بیٹنگ کو انجوائے کیا، ہم نے پہلے چند اوور احتیاط سے کھیلنے کا پلان بنایا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ٹیم میٹنگ میں جارحانہ کھیلنے کا فیصلہ ہوا تھا، جارحانہ انداز سے ہی کھیلنے کی کوشش کی، یہ سنچری میری بہترین سنچریوں میں سے ایک ہے، میری بہترین اننگز جنوبی افریقا کیخلاف 193 رنز ہے، اپنے اگلے میچ میں جارحانہ کھیل جاری رکھیں گے۔
پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کے 8 میچز میں 4 کامیابیوں کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر پہنچ گئی، تاہم اگر نیوزی لینڈ سری لنکا کو شکست دیتا ہے تو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے گرین شرٹس کو انگلینڈ کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔