پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھوڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دیدی، گرین شرٹس نے 41 اوورز میں 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بارش سے قبل 25.3 اوورز میں 200 رنز بنائے، پاکستان ٹیم کیویز سے 21 رنز آگے تھے۔
سیمی فائنل تک رسائی کی جنگ میں قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ نے 402 رنز کا ہدف دیا تھا، میچ دو بار بارش کے باعث روکا گیا، گرین شرٹس کو جیت کیلئے 41 اوورز میں 342 رنز کا نظر ثانی شدہ ہدف ملا۔
گرین شرٹس نے دوسری بار بارش کے باعث میچ رکنے سے قبل 25.3 میں ایک وکٹ پر 200 رنز بنائے اور میچ 21 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
بارش سے متاثرہ میچ جب دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان ٹیم کو 41 اوورز میں 342 رنز کا ہدف ملا، گرین شرٹس کو 19.3 اوورز میں مزید 182 رنز بنانے تھے۔
پاکستانی اوپنر فخر زمان 81 گیندوں پر 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 126رنز بنا کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، کپتان بابر اعظم 63 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 6 چوکے شامل ہیں۔
فخر زمان نے میچ میں کامیابی کے بعد ایوارڈ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے تھے ہر میچ ہمارے لئے اہم ہے، یہ میرے کیریئر کی بہترین اننگز ہے، ہر میچ میں جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی، پلان کے مطابق بیٹنگ کی، قسمت نے ساتھ دیا۔
آئی سی سی حکام نے بارش نہ رکنے پر تقریباً 7 بجے میچ ختم کردیا، اور پاکستان نے 21 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کرلی۔
پاکستان آج کے میچ میں کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 5 ویں پوزیشن پر پہنچ گیا، گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے اگلے میچ میں بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔
نیوزی لینڈ کیخلاف پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
یہ ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستان کےخلاف سب سےبڑا اسکور ہے،کیویز کے راچن رویندرا نے 108اور کین ولیمسن 95رنز بنا کر نمایاں رہے، گلین فلپس 41، مارک چیپمین 39، کونوے35رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
محمد وسیم جونیئر نے 60 رنزدے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ افتخار نے 55 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی، حارث رؤف نے 85 رنز کے بدلے ایک وکٹ لی، سلمان علی آغا نے بغیر وکٹ لئے 21 رنز دئیے، جبکہ شاہین 90 رنز دے کر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
،پاکستان نے نیوزی لینڈ کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ٹاس کے بعد قومی ٹیم کےکپتان بابراعظم نےکہاکہ نیوزی لینڈ کو کم اسکور پر محدود کرنے کی کوشش کریں گے، ہم نے پچھلے میچز میں اچھی بولنگ کی،آج کے میچ کو انجوائےکریں گے، پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے،اسامہ میر کی جگہ حسن علی کو ٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔
ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کا آج اہم ترین میچ آج نیوزی لینڈ کے ساتھ ہےجسے قومی ٹیم کے لیے اچھے رن ریٹ کے ساتھ جیتنا ضروری ہے،سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے قومی ٹیم کو اچھےمارجن کے ساتھ کیویز کو شکست دینا ضروری ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آج ہونے والے میچ میں بارش کا بھی امکان ہے۔ بارش کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل جائے گا۔