پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 17 اور 18 مئی کی درمیانی شب مختلف کارروائیوں میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔
خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 5 خوارج ہلاک کیے گئے جبکہ بنوں میں دوسری کارروائی میں بھارتی پراکسی کے 2 خوارج مارے گئے۔
شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں خوارج کے سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کے جواب میں 2 بھارتی اسپانسرڈ خوارج ہلاک ہوئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں کرم کے 29 سالہ سپاہی فرہاد علی طوری اور کوہاٹ کے 32 سالہ لانس نائیک صابر آفریدی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز بھارتی پراکسیز کی دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شہدا کی قربانیاں پاک فوج کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
بلوچستان میں آپریشنز
بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے گشکور میں خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کا دہشت گرد یونس ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔
ضلع کیچ کے شہر تربت میں دوسری کارروائی میں بی ایل ایف کے سرغنہ صابر اللہ اور دہشت گرد امجد عرف بیچو سمیت 2 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔






















