شمالی وسطی نائیجیریا میں مسافر کشتی کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایمرجنسی سروس کے حکام نے پیر کو بتایا کہ مقامی کمیونٹیز اب بھی درجنوں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
خیال رہے کہ 100 سے زائد مسافروں کو لے جانے والی والی کشتی اتوار کی صبح دریائے نائجر کے کنارے الٹ گئی تھی ۔
حکام کے مطابق کشتی میں سوار افراد گباجیبو کمیونٹی میں اپنے کھیتوں کی طرف سفر کررہے تھے جو کہ نائیجر کے دارالحکومت مینا سے 251 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے جبکہ کشتی میں زیادہ تر خواتین اور بچے سوار تھے۔
نائیجر اسٹیٹ ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی کے ترجمان ابراہیم اوڈو نے ایسوسی ایٹڈ پریس ( اے پی ) نیوز ایجنسی کو بتایا کہ موکوا کی کمیونٹی تک ریسکیو سروسز پہنچنے میں کئی گھنٹے لگے تاہم آس پاس کے گاؤں والے دریا پر تیرتی لاشیں نکالتے رہے۔
اوڈو نے بتایا کہ غوطہ خوروں نے پیر کی صبح تک دریا سے مزید چار لاشیں نکالی ہیں اور کم از کم 40 مسافر ابھی تک لاپتہ ہیں۔
دوسری جانب کشتی کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔