سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق نظرثانی کیس میں سنی اتحاد کونسل نے گیارہ رکنی بینچ پر اعتراض اٹھا دیا،نظرثانی درخواستوں پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دینے کی استدعا کر دی ۔
سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت جاری ہے،سنی اتحاد کونسل نے نظرثانی درخواستوں کی سماعت کرنے والے گیارہ رکنی بینچ پر اعتراض اٹھایا ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ نظرثانی کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دیا جائے اور یہ معاملہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کو بھجوایا جائے،سنی اتحاد کونسل نے مؤقف اختیار کیا کہ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تیرہ رکنی نیا بینچ تشکیل دیا جائے۔
درخواست گزار کےمطابق بارہ جولائی کو مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا تھا اور نظرثانی کی سماعت کے لیے تشکیل دیا گیاموجودہ بینچ اُس فیصلے میں شامل ججز پر مشتمل نہیں ہے۔درخواست میں کہاگیا کہ جسٹس منصور علی شاہ نےبارہ جولائی کا فیصلہ تحریر کیا تھا اور سپریم کورٹ رولز کے تحت وہی بینچ نظرثانی پر سماعت کا مجاز ہے جو اصل فیصلہ دینے والا ہو۔
درخواست میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی کو شامل نہ کرنے پر بھی اعتراض کیا گیا اور کہا گیا کہ نیا گیارہ رکنی بینچ نظرثانی کی سماعت کا اختیار نہیں رکھتا۔






















