پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گلگت میں موبائل فون کلوننگ اور ٹیمپرنگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دکان پر چھاپہ مارا اور ایک شخص کو گرفتار کر لیاہے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق کارروائی کے دوران موبائل فونز کی غیر قانونی آئی ایم ای آئی کلوننگ، ٹیمپرنگ اور فروخت میں ملوث دکان کو نشانہ بنایا گیا۔ چھاپے کے دوران لیپ ٹاپ، خصوصی سافٹ ویئر اور ہارڈ ویئر برآمد کر لیے گئے جو کلوننگ اور ٹیمپرنگ میں استعمال ہو رہے تھے۔
کارروائی میں ایک شخص کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات کیلئے سائبر کرائم سرکل گلگت کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ ٹیمپر شدہ اور کلونڈ موبائل ڈیوائسز نہ صرف قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں بلکہ ان کے ذریعے نامعلوم اور ناقابل شناخت روابط ممکن ہو جاتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ غیر قانونی موبائل فون اکثر اوقات سائبر جرائم، مالی دھوکہ دہی، اغوا اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال ہوتے ہیں۔
پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موبائل فون کلوننگ سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ اس خطرناک رجحان کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔




















