وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کے دوران 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کی تصدیق کر دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کامرہ میں پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کو پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے پائلٹ، انجینئرز اور تکنیکی عملہ سے بات چیت کی اور ملکی دفاع کیلئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بلااشتعال جارحیت کے جواب میں مسلح افواج نے مثالی تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی میں دشمن کے فوجی انفرااسٹرکچر کو فیصلہ کن دھچکا پہنچایا۔
اس موقع پر وزیراعظم کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب چھٹے بھارتی میراج طیارے کو گرانے کی بھی تصدیق کی گئی۔
طیاروں کی تفصیل
پاک فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے بھارتی جنگی جہازوں میں 3 رافیل طیارے شامل ہیں جبکہ بھارت کا 1 سخوئی 30، 1 مِگ 29 اور 1 میراج 2000 طیارہ بھی گرایا گیا۔
پاکستانی افواج کی جانب سے بھارت کے مجموعی طور پر 85 ڈرون تباہ کئے گئے۔
گرائے گئے ڈورنز میں بھارت کا 1 ہیرون یواے وی اور 84 کلرز ڈورن شامل ہیں۔
ایئروائس مارشل اورنگزیب کی بریفنگ
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان ایئرفورس کے سینئر افسر ایئروائس مارشل اورنگزیب نے بتایا تھا کہ پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے میں 6 صفر سے کامیابی ملی ہے۔
لازمی پڑھیں ۔پاک فضائیہ کو بھارتی فضائیہ کے مقابلے میں 0-6 سے کامیابی ملی، ایئروائس مارشل اورنگزیب
12 مئی کو کی گئی پریس کانفرنس کے دوران ایئروائس مارشل اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کو بھارت کی فضائیہ کے مقابلے میں 6 صفر سے کامیابی ملی ہے اور پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں جبکہ بھارت کے 6 طیاروں کو گرایا گیا۔



















