ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے اداکارہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف خان کی مبینہ مالی کرپشن کی تحقیقات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے معاملے میں ملوث مزید افراد کو طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عاطف خان سے رقم وصولی میں ملوث دو افراد، عمران شیرانی اور نجی سیکیورٹیز کمپنی کے عدیل ظفر کو ایف آئی اے میں طلب کیا جائے گا۔ عمران شیرانی نے ایک ملین جبکہ عدیل ظفر نے 18 ملین سے زائد رقم وصول کی تھی۔
اسی سلسلے میں لاہور کے عامر یاسین کو بھی طلب کیا جا رہا ہے جنہوں نے پانچ سوملین کی ٹریڈنگ کی۔ تینوں افراد سے عاطف خان کی مبینہ کرپشن سے متعلق بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق عاطف خان کے کہنے پر شارٹ ٹرم تھرڈ پارٹی فنڈنگ کرنے والے چھ افراد کو بھی ایف آئی اے نے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل رقم وصول کرنے والے دیگر تین افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ عاطف خان کے خلاف ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کا مقدمہ درج ہے، جس کی تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔





















