قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی سطح پر کمزور ترین پوزیشن کا کھلا اعتراف کر لیا گیا ، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا پاسپورٹ کو عزت رنگ برنگا بنانے سے نہیں، گھر ٹھیک کرنے سے ملتی ہے ، نو مئی کو سبز پاسپورٹ کی جو عزت تھی ،دس مئی کو اس سے سو گنا بڑھ گئی ۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خارجہ کے تحریری جواب میں کہا گیا پاکستانی پاسپورٹ کا انڈکس دو ہزار پچیس کے مطابق ایک سو تین نمبر پر ہے ، جواب میں تسلیم کیا گیا کہ پاسپورٹ سسٹم میں ایشوز ضرور ہیں، ماضی میں اکثر افغانوں سمیت کئی غیر پاکستانیوں کو بھی گرین پاسپورٹ جاری ہوئے ۔
وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے پاسپورٹ سے متعلق سوال پر جواب میں کہا کچھ عاقبت نااندیش لوگ پاکستان کیخلاف غیر ممالک میں قراردادیں منظور کروائیں میں لگ جائیں تو پھرسبز پاسپورٹ کو عزت نہیں ملتی ۔ اس وقت پاکستانی پاسپورٹ پر صرف پینتیس ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل ہے، جو بین الاقوامی سطح پر ایک کمزور پوزیشن کی عکاس ہے ۔ ایوان کو بتایا گیا وزارت داخلہ پاکستان امیگریشن پاسپورٹ و ویزا اتھارٹی کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے ۔






















