خیبرپختونخوا کابینہ آج صوبے میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی قائم کرنے کے لئے اس کے ڈی جی اورمتعلقہ سٹاف کی منظوری دے گی۔
خیبر پختونخوا کابینہ کا بتیسواں اجلاس وزیراعلی علی امین گنڈا پورکی صدارت میں آج سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہورہا ہے ،جس کے لئے انتالیس نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے ۔کابینہ سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز،ضلع کولائی پالس کوہستان میں ضلعی ہیڈکوارٹراسپتال کے قیام کی منظوری دے گی۔
لیگل ایڈ ترمیمی ایکٹ دو ہزار انیس اور پراسیکیوشن ترمیمی ایکٹ دو ہزار پچیس کی منظوری بھی کابینہ سے متوقع ہے،جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے لیےڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کے لئے گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دی جائے گی ۔
سی پیک کےتحت چین کے اسکالرشپ کے لیےخیبرپختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو پانچ کروڑروپے کی ادائیگی، جبکہ ہائیرایجوکیشن اسکالرشپ فنڈ کے لیےسیڈ منی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔سپریم کورٹ کے حکم پر پی پی ایچ آئی پروجیکٹ کےملازمین کےمستقبل پرغورکیا جائے گا،جب کہ منشیات سے نجات پانے والے افراد کو پچاس ہزار روپے کی امداد دینے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
پشاور پریس کلب کی نئی کابینہ کےحلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ کے اعلانات کی منظوری بھی اجلاس میں زیرغورلائی جائے گی۔کابینہ اجلاس میں خیبرپختونخوا ڈیجیٹل پیمنٹ اورفن ٹیک حکمت عملی کی منظوری بھی متوقع ہے۔






















