حکومت نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کو بجلی سبسڈی کا نیا روڈ میپ پیش کر دیا، جس کے تحت اب سبسڈی صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو دی جائے گی، نئی پالیسی 2027ء تک مکمل طور پر نافذ ہوگی، جس کے بعد یکساں ٹیرف لاگو کر دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے بجلی سبسڈی کا نیا منصوبہ تیار کرلیا، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کو سبسڈی سے متعلق روڈ میپ پیش کردیا گیا۔
نئے پلان کے مطابق بجلی پر سبسڈی اب صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو دی جائے گی۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق نئی پالیسی 2027ء تک مکمل طور پر نافذ العمل ہو جائے گی، مراعات یافتہ طبقہ سبسڈی سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گا، مالی سال 2027ء سے یکساں ٹیرف کیلئے سبسڈی ختم کر دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ جون کے وسط تک وزیراعظم اور کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ نئی پالیسی کے تحت توانائی کی بچت کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون 2027ء تک پنکھے، ایل ای ڈی، فریج اور اے سیز کیلئے توانائی کے نئے معیارات لاگو ہوں گے۔



















