امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت سیز فائز پر قائم رہیں گے۔
سعودی، یوایس انویسٹ فارم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مدد سے داعش کے عالمی دہشتگرد کو گرفتار کیا جو امریکی فوجی اہلکاروں کے قتل میں ملوث تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے دوستوں کو کہا کہ جھگڑا چھوڑیں اور تجارت کریں جبکہ جوہری میزائلوں کے بجائے تجارت کا سوچیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اُمید ہے دونوں ملک سیز فائر پر قائم رہیں گے۔
سعودی مہمان نوازی پر اظہار تشکر
اپنے خطاب کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا دورہ کرنے پر بے حد خوشی ہے اور شاندار مہمان نوازی پر سعودی شاہی خاندان کا مشکور ہوں، شاہ سلمان عظیم شخصیت ہیں ، 8 سال پہلے دورہ سعودیہ میں شاہ سلمان کی مہمان نوازی آج بھی نہیں بھولا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات خوشحالی اور سلامتی کی بنیاد ہیں اور مزید مستحکم ہو رہے ہیں جبکہ دوطرفہ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے بتایا کہ سعودی عرب سے تاریخی معاہدے کئے ہیں اور سعودی عرب کا دورہ تاریخی اور کامیاب ہے، گزشتہ مہینوں میں کئی سنگ میل عبور کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودیہ تجارت اور سرمایہ کاری کی بنیاد پر مستقبل کی تعمیر کر رہا ہے اور سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ روشن مستقبل کی طرف گامزن ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ میں پرانے تنازعات پیچھے چھوڑ کر نیا دور شروع ہو رہا ہے اور ایسا دور جس کی بنیاد تجارت ، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی پر رکھی گئی ہے، یہ علاقہ اب خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے اور نئی نسل کے رہنما ماضی کے تھکا دینے والے اختلافات سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عرب رہنما ایسا مستقبل تعمیر کر رہے ہیں جہاں مشرق وسطیٰ کی شناخت تجارت سے ہوگی۔
سعودی عرب اور اسرائیل تعلقات
امریکی صدر نے کہا کہ اُمید ہے سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لے آئے گا اور اُمید کرتا ہوں سعودی عرب ابراہم معاہدوں میں شامل ہو جائے گا، یہ معاہدے میری پہلی مدت میں اسرائیل اور کچھ عرب ممالک میں ہوئے، 6 سے 8 سال میں سعودی عرب نے ناقدین کو غلط ثابت کیا ہے۔
ٹیکسز
انہوں نے کہا کہ چین نے امریکا پر عائد ٹیکسز میں کمی پر آمادگی ظاہر کی، دنیا کے کئی ملک معاہدوں کیلئے وائٹ ہاؤس کا رُخ کر رہے ہیں، امریکا میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں، امریکی عوام کی اکثریت نے مجھے صدر منتخب کیا۔
ایران کو تعلقات میں بہتری کی پیشکش
امریکی صدر نے ایران کو تعلقات میں بہتری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو نئے راستے کی پیشکش کرتا ہوں جو بہتر مستقبل کا ضامن ہوگا اور ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہوں، اگر ایران کے ساتھ ڈیل ہوجائے تو خوشی ہوگی تاہم ایران کے پاس وقت ہے فیصلہ کرے کیونکہ یہ پیشکش ہمیشہ نہیں رہے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے معاہدہ نہ کیا تو شدید دباؤ ڈالنے کےعلاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے اور ایران کو کبھی جوہری ہتھیار نہیں رکھنے دیں گے۔
شام سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان
ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسد حکومت کے خاتمے کے بعد شام سے پابندیاں ہٹا دیں گے اور سعودی اور ترک قیادت سے ملاقات کے بعد شام سے پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پابندیاں ہٹنے سے شام کو عظیم ملک بننے کا موقع ملے گا۔





















