سیکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئرفورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ایئرفورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے ناکام بنادیا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشتگر دمارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد حملے میں پہلے سے گراؤنڈڈ 3طیاروں، فیول باؤزر کو نقصان پہنچا تاہم پاک فوج کے جوانوں نے پاک فوج کے جوانوں نے فنکشنل آپریشنل اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی اے ایف ٹریننگ ایئر بیس میانوالی میں مشترکہ کلیئرنس اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا گیا، مسلح افواج دہشتگردی کی لعنت کو ہرقیمت پرختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق افواج پاکستان کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، آپریشن کا فوری اور پیشہ ورانہ اختتام دشمنوں کے لیے ایک واضح یاد دہانی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 14 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں پسنی سے اورماڑہ جاتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، واقعے میں 14 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں پہلے سےگھات لگا کر بیٹھے تھے، جنہوں نے فورسز کی گاڑیاں قریب پہنچنے پر حملہ کردیا۔