جنگی میدان میں بھارت کو عبرتناک شکست دینے کے بعد خطے میں مکمل قیام امن کی کوششیں جاری ہیں،وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دوست ممالک کے وزرائے خارجہ نے رابطے کیے اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ بحران کے دوران پاکستان نے تحمل اور ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کیا، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور پاک بھارت سیز فائر کو پائیدار امن کی طرف اہم پیش رفت قرار دیا۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی اور فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے بھی خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک پر زور دیا کہ حالات میں بہتری کے لیے تحمل سے کام لیں۔
دوسری جانب سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دوست ممالک کے رہنماؤں نے بے گناہ جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کی۔






















