بھارت کے خلاف حالیہ عسکری کامیابی کے بعد پاکستان بھر میں جشن کا سماں ہے۔
لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ڈسکہ، حیدرآباد، ملکوال، پیرمحل، منڈی بہاءالدین، دنیاپور، نوشہرہ، مالاکنڈ سمیت دیگر شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، ریلیاں نکالی گئیں، آتش بازی کی گئی اور پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے۔
لاہور
لاہور کے شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اُس کا حال بھارت جیسا ہو گا جبکہ جشن میں شرکت کرنے والے شہریوں نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔
کراچی
کراچی میں شہریوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دشمن کو کرارا جواب دے کر فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
اسلام آباد و راولپنڈی
جڑواں شہروں میں تاجروں، اقلیتوں، اور عام شہریوں نے ایف نائن پارک سے ڈی چوک تک ریلی نکالی جبکہ نیشنل پریس کلب کے باہر مسیحی برادری نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔
فیصل آباد
فیصل آباد بھر میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ شہریوں نے مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ "اس بار امریکہ نے بچا لیا، آئندہ نہیں چھوڑیں گے ‘‘۔
ڈسکہ و فیروز والا
ڈسکہ و فیروز والا میں جشن کے دوران آتش بازی، رقص، اور پاک فوج کے حق میں نعروں سے شہر گونج اٹھے اور مقامی رہنماؤں نے ریلیوں کی قیادت کی۔
ملکوال و پیرمحل
ملکوال و پیرمحل میں "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی پر شہری سڑکوں پر نکل آئے، تاجروں کی جانب سے بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
گوجرانوالہ
گوجرانوالہ میں شہری ریلی کی صورت میں آرمی چیک پوسٹ راہوالی پہنچے جہاں فوجی جوانوں پر پھول نچھاور کیے گئے۔
حیدرآباد
حیدرآباد میں پانچ دن کی بھارتی جارحیت کا جواب پانچ گھنٹوں میں دے کر دشمن کو سبق سکھانے پر شہری خوشی سے نہال نظر آئے۔
مالاکنڈ و نوشہرہ
مالاکنڈ و نوشہرہ میں شہریوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے معصوم شہدا کا بدلہ لیا ہے اور دشمن کو بھرپور جواب دے کر پوری قوم کا سر بلند کیا ہے۔
قوم بھر میں یہ پیغام واضح طور پر سنائی دیا: "پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد!۔






















