ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جھوٹا ڈرامہ رچایا ہواہے کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملے کیئے اور ہمارے ایئر ڈیفنس نے روک لیئے ، بھارت سن لے جب پاکستان حملہ کرے گا تو یہ نظر بھی آئے اور اس کی گونج سنائی دے گی ، پھر بھارتی میڈیا نہیں بلکہ پوری دنیا بتائے گی کہ پاکستان نے حملہ کیا ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی ڈرامہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ا ٓدم پور سے چار پروجیکٹائل فائر کیئے گئے ، تین پراجیکٹائل امرتسر میں عام علاقے میں ٹارگٹ کیئے گئے ، ایک پروجیکٹائل نے انٹرنیشنل سرحد پار کیا اور ڈنگا پر پھر اسے ہم نے گرایا۔ آپ کی مسلح افواج چوکس ہیں اور بھارت سے جو بھی چیز آتی ہے ہماری اس پر نظر ہوتی ہے ، جو بھی چیز آرہی ہے اس کی نگرانی کی جارہی ہے اور اسے ختم کیا جارہاہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاکستان میں داخل ہونے والے بھارتی میزائل کا ملبہ دکھایا اور بتایا کہ اس کی فرانزک کی جارہی ہے ، اس لیئے اسے پروجیکٹائل کہا جارہاہے ۔ اس طرح کے تین پروجیکٹائل بھارت نے دانستہ طور پر اپنے ہی شہر امرتسر پر گرائے ۔ بھارت جھوٹ بول رہاہے کہ پاکستان نے 15 لوکیشنز پر حملہ کیا ہے ، یہ ایک پکی پکائی کہانی ہے ، اس پر ہنسا جا سکتاہے ، میں اس پر کچھ سوالات کرتاہوں کہ کیا بھارتی حکومت اور اس کی فوج کیا 18 ویں صدی میں زندہ ہے یا 21 ویں صدی میں ؟
انہوں نے کہا کہ 21 صدی میں ہر پروجیکٹائل اپنے نشانات چھوڑتا ہے ، ہر پروجیکٹائل کا ڈیجیٹل سگنیچر ہوتاہے ، وہاں ایسا نہیں ہوتا کہ آپ جو مرضی کہانی بنا لیں، دوسرا سوال یہ ہے کہ بھارتی حکومت فلمی دنیا سے نکل کر حقیقی دنیا میں کب داخل ہو گی ، بھارت کا جو فینٹم سٹرائیک کا خیالی پلاؤ ہے ، ہم نے 2016 میں دیکھا جب اڑی ہوا تو اس کے بعد بھی فینٹم سڑائیک ہوئی تھی لیکن حقیقت میں کچھ بھی نہیں ہوا اور دعویٰ کیا گیا کہ سٹرائیک کی گئی ۔ اب بھارت کہہ رہاہے کہ ، پاکستان نے 15 جگہوں پر حملہ کیا اور ہمارے ایئر ڈیفنس نے شاندار دفاع کیا ۔
ڈی جی آئی ایس پی آ رکا کہناتھا کہ جہاں امرتسر میں بھارت نے اپنے میزائل گرائے وہ دراصل سوکھی ہوئی فصلیں ہیں ، کم از کم حقیقت بنانے کیلئے ان فصلوں میں آگ ہی لگا دیتے ، جہاں یہ پروجیکٹائل اٹھا کر رکھ دیئے گئے اور تصویریں بنا کر نشر کی جارہیں ۔ اس لیے آپ سینما سے نکل کر حقیقی دنیا میں کب آئیں گے ، ڈرامہ کیا جارہاہے کہ 15 جگہ سے حملہ ہو رہاہے جس کا کوئی سگنیچر نہیں ہے اور آ پ نے روک لیا ، اگر آپ کا اتناہی شاندار ایئر ڈیفنس سسٹم ہے کہ تو 6 اور 7 کی رات آپ اپنے مرضی کے وقت اور جگہ پر آئے تھے ، آپ نے اپنا پورا ایئر ڈیفنس لگایا ہوا تھا ، آپ کو پتا تھا کہ حملہ کریں گے تو جواب آئے گا تو پھر آپ کے 5 جہاز کیسے گر گئے ؟۔ اگر آپ کا دفاعی نظام اتنا ہی شاندار ہے تو اپنے جہاز گرنے سے روک لیتے ۔
لیفٹینٹ جنرل احمد شریف نے کہا یہ بھارت کو اچھی طرح معلوم ہے کہ جب پاکستان اپنے وقت اور مقام کے انتخاب سے حملہ کرے گا توآپ کے بھارتی میڈیا کو بتانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ پوری دنیا کو پتا چلے گا، پھر وہ بتائیں گے کہ آج حملہ ہو گیاہے ، بار بار چلائیں گے ۔ پاکستان کا حملہ نظر بھی آئے گا اور گونج بھی سنائی دے گی ۔





















