لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں 9 مئی کے کیسز سے متعلق حکومتی اپیلوں پر سماعت ہوئی، عدالت میں بشریٰ بی بی، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی اور حماد اظہر سے متعلق درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا گیا، حکومت نے متعدد درخواستیں واپس لے لیں۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق اہم سماعت جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس امجد رفیق پر مشتمل بینچ کے سامنے ہوئی۔
حکومت نے بشریٰ بی بی کو مقدمات سے ڈسچارج کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست واپس لے لی۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے کہا سپریم کورٹ کا حکم ہے کہ 9 مئی کے کیسز 4 ماہ میں نمٹائے جائیں، شیخ رشید کی ضمانت منسوخی کی اپیل بھی حکومت نے واپس لے لی۔
نیو ٹاؤن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق درخواست پر مہلت مانگی گئی۔ شاہ محمود قریشی کے کیس میں بھی وکیل سرکار نے مہلت کی استدعا کی۔
حماد اظہر سے متعلق اے ٹی سی سرگودھا کے حکم کیخلاف اپیل پر بھی مہلت کی درخواست دی گئی۔ پراسیکیوٹر نے تیاری کیلئے مزید وقت مانگا، عدالت نے مہلت کی درخواست منظور کرلی۔
نو مئی واقعات میں پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت منسوخی کی 39 درخواستیں بھی حکومت نے واپس لے لیں۔





















