پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں آج راولپنڈی میں ہونے والا کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ ملتوی کر دیا ہے اور نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کی انتظامیہ کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی انتظامیہ کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے ، براڈ کاسٹرز کو بھی پی سی بی کے فیصلے کا انتظار ہے ، میچ کراچی منتقل ہوئے تو انتظامات کےلیے 3 دن درکارہوں گے ، میچز شفٹ ہونے کی صورت میں پنڈی اسٹیڈیم میں نصب سامان کراچی منتقل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ، فلائٹ شیدول سامان کی منتقلی اور اسٹاف کی دستیابی کراچی کے میچز سے مشروط کر دی گئی ہے ۔
دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میچ ری شیڈول کیا جا رہا ہے اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔میچ کی منسوخی کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کیا گیا۔ آج کے میچ کی ٹکٹیں ٹی سی ایس کاؤنٹرز سے واپس کی جا سکیں گی جبکہ آن لائن خریدی گئی ٹکٹوں کی رقم خودکار طریقے سے واپس کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شہروں، بشمول راولپنڈی، پر ڈرون حملے کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب ایک ڈرون گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔






















