ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 26ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز کا شاندار اسکور بنایا۔
کوئٹہ کے بیٹر رائیلی روسو نے 44 گیندوں پر شاندار سنچری اسکور کی جس میں 6 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔
یہ پی ایس ایل میں ان کی تیسری سنچری تھی، جس کے ساتھ وہ لیگ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔
حسن نواز نے بھی 45 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنائے ،ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
264 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 19.3 اوورز میں 154 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
عماد وسیم نے 56 اور بین ڈوارشوئس نے 31 رنز بنائے جو ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے محمد عامر نے 3 جبکہ ابرار احمد اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ سے قبل اسٹیڈیم میں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور بھارتی حملوں میں شہید ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔






















