نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی مذمت کی، بھارت نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر الزامات لگائے، پاکستان نے فیصلہ کیاتھاکہ بھارتی اقدامات کا جواب دیا جائے گا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے دیا ہے ، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے ادلے کے بدلے کا فیصلہ کیا۔
اسحاق ڈار کا کہناتھا کہ ہمارا فیصلہ تھا کہ ہم جنگ میں پہل نہیں کریں گے، بھارت نے مزید کوئی اقدام کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، موجودہ صورتحال کے پیچھے بھارت کی بدنیتی عیاں ہے، سفارتی محاذ پر پاکستان نے اپنا مؤقف بھر پور انداز میں پیش کیا، 40سے زائد ممالک سے رابطہ کر کے اپنے مؤقف سےآگاہ کیا، پاکستان کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کو دنیانے سراہا، پاکستان نےبھارت پر واضح کیا تھا پانی روکا تو اعلان جنگ تصور ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے رافیل طیاروں کا تکبر خاک میں ملا دیا، پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی کے پاس بھارت کی کارروائی کی اطلاع تھی، بھارت نے 12 بج کر 40 منٹ پر کارروائی کی،پاکستان نے اس وقت بھی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، ہدایت تھی پے لوڈ ریلیز کرنےوالے جہاز کو ہی نشانہ بنایا جائے، بھارت کے حملے میں 26 افراد شہید اور 46 زخمی ہوئے، بھارت نے 6 مقامات پر 24 حملے کئے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکا کہناتھا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ نے رات 2 بجے فون کیا، ترکیہ نے بھارتی اقدام کی مذمت کی ہے، سوشل میڈیا پر چل رہا ہے فرانسیسی کہہ رہے ہیں رافیل زبردست ہے ان کے پائلٹ ٹھیک نہیں، ہمارے سفارتی رابطے جاری ہیں،ہم سفارتی میدان میں پیچھے نہیں، اس بار بھارت کا بیانیہ پٹ چکا ہے۔






















