ترسیلاتِ زر میں سہولت کیلئے عرب مانیٹری فنڈ اور اسٹیٹ بینک کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ عرب خطے اور پاکستان کے درمیان ترسیلاتِ زر کی منتقلی آسان ہوسکے گی۔
عرب مانیٹری فنڈ اور اسٹیٹ بینک کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے، جس کا مقصد ادائیگی نظام ’’بُونا‘‘ اور ’’راست‘‘ کے درمیان تعاون کا فریم ورک قائم کرنا ہے، عرب مانیٹری فنڈ کے ڈی جی اور گورنر اسٹیٹ بینک نے ابوظبی میں ایم او یو پر دستخط کئے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ عرب خطے اور پاکستان کے درمیان ترسیلاتِ زر کی منتقلی آسان ہوسکے گی، اس اقدام سے کاروباری ادارے بھی مستفید ہوں گے۔
ڈی جی عرب مانیٹری فنڈ نے کہا کہ ہمارا مقصد لاگت اور پراسیسنگ میں لگنے والا وقت کم کرکے ترسیلات بڑھانا ہے، اس سے عرب ممالک اور پاکستان کے معاشی، مالی اور سرمایہ کاری روابط مضبوط ہوں گے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ مفاہمتی یادداشت اہم تزویراتی کامیابی ہے، پاکستان اور عرب خطے کے درمیان قریبی روابط کے دروازے کھلیں گے، ادائیگی کے دونوں نظاموں کے ارتباط سے پاکستان میں باضابطہ ذرائع سے تیز اور محفوظ طریقے سے ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک ’راست‘ اور ’بُونا‘ کو کم سے کم وقت منسلک کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔