وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے بزدلانہ حملوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے اور کئی بھارتی فوجیوں کو قیدی بنا لیا۔
امریکی جریدے بلوم برگ سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں کارروائی میں برتری حاصل کر لی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ’پاک فضائیہ نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 لڑاکا طیاروں کو تباہ کیا اور متعدد بھارتی فوجیوں کو قیدی بنایا۔‘
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کسی بھی حد تک جائے گا اور بھارتی جارحیت کا ہر اقدام ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے شہری آبادی پر حملوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج عوام کی حمایت سے دشمن کی جارحیت کا جواب دے رہی ہے اور اس جارحیت کا منہ توڑ جواب مزید بھی دیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ پاکستان میں 6 جگہ پر 24 حملے کیئے گئے ہیں جس میں بھارت کی جانب سے مختلف ہتھیار استعمال کیئے گئے ، 24 حملوں میں 8 پاکستانی شہید ہوئے ہیں جبکہ 35 زخمی ہیں اور 2 افراد تاحال لاپتا ہیں۔






















