ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آمد پر ان کا استقبال ایڈیشنل سیکرٹری مغربی ایشیا، پاکستان میں ایرانی سفیر اور دیگر سینئر حکام نے کیا۔اس دورے کے دوران عباس عراقچی صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈاراور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی یہ ملاقاتیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہیں۔یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے سماء ٹی وی کے معروف پروگرام دوٹوک کرن ناز کیساتھ گفتگو میں کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ پاکستان آ رہے ہیں، ایران پاکستان کا ہمسایہ ہے اور اس کے بھارت سے بھی اچھے تعلقات ہیں، ممکن ہے موجودہ صورتحال میں ایرانی وزیر خارجہ کوئی کردار ادا کرسکیں۔
خیال رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کیلئے ایران نے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے پیشکش کی تھی ، کہ وہ بھارت اور انڈیا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روک کر امن کا راستہ تلاش کرسکتے ہیں۔