پاک بھارت کشیدگی کے دوران سفارتی محاذ پر پاکستان نے کامیاب دفاعی حکمت عملی اپنائی، وہیں قوم نے بھی یکجہتی اور حوصلے کی نئی مثال قائم کر دی ہے۔
لاہور کے واہگہ بارڈر پر روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں شہری پہنچ رہے ہیں جو نہ صرف پرچم کشائی کی تقریب دیکھنے آتے ہیں بلکہ افواجِ پاکستان کے حق میں بھرپور نعرے بازی بھی کرتے ہیں۔واہگہ بارڈر پر عوام کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔ مرد، خواتین، بزرگ اور بچے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم تھامے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔
واہگہ بارڈر پرپریڈ کے دوران نوجوان شہری اسامہ مشتاق نے ہماری جان پاکستان اور سرحدوں کے رکھوالو ہم تمہارے ساتھ ہیں پاکستان زندہ باد اور پاکستان کا مطلب کیا جیسے نعرے لگا کر سب کا جوش گرما دیا، نوجوانوں کے جذبات قوم کے عزم کی عکاسی کر رہے تھے کہ اگر دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم سپاہیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔
واہگہ پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ دشمن کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی فوج تنہا نہیں، پوری قوم اس کے ساتھ ہے۔ ایک نوجوان شہری اسامہ مشتاق نے کہا کہ ہم سب سپاہی ہیں، وردی ہو یا نہ ہو، وطن کے دفاع کے لیے سب یک جان ہیں۔جبکہ ایک بزرگ شہری نے کہا کہ میں نے 1965 کی جنگ دیکھی ہے، آج بھی وہی جذبہ قوم میں موجود ہے۔