بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے متعدد پاکستانی کرکٹرز اور فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں بلاک کر دیے ہیں اور بلاک کیے گئے فنکاروں میں معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان اُشنا شاہ بھی شامل ہیں۔
اُشنا شاہ نے بھارتی حکومت کے اس اقدام پر طنزیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا "میری دنیا ہی اُجڑ گئی ابھی، مودی جی یہ کیا کر دیا!"۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں ٹوٹے دل اور رونے والے ایموجیز بھی شامل کیے۔
اُشنا کے اس طنزیہ تبصرے کو سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا اور ایک صارف نے لکھا کہ "کاش مودی یہ طنز سمجھ پائیں!" جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ "جنہیں آپ سمجھا رہی ہیں، وہ عقل سے خالی ہیں، ورنہ یہ مضحکہ خیز حرکت نہ کرتے۔"
واضح رہے کہ اُشنا شاہ کے علاوہ ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور علی ظفر سمیت دیگر پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھی بھارت میں بند کر دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل بھارتی حکومت نے مقبول پاکستانی کرکٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پابندی عائد کی تھی