بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی انسٹاگرام پر 23 سالہ اداکارہ ایونیت کور کی بولڈ تصاویر لائیک کرنے پر مشکل میں پھنس گئے، وضاحت دینا پڑگئی۔
بھارتی اسٹا رکرکٹر ویرات کوہلی حال ہی میں اُس وقت سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے جب ان کے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک فین پیج پر اداکارہ ایونیت کور کی بولڈ تصاویر کو لائیک کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایونیت کور کی تصاویر 30 اپریل کو ایک فین پیج پر پوسٹ کی گئی تھیں، جس میں اداکارہ کو ایک سبز رنگ کے ٹاپ اور منی اسکرٹ میں دیکھا گیا۔
ایونیت کور کی تصاویر پر ویرات کوہلی کے لائیک کو جب صارفین نے دیکھا تو یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔
صارفین نے مختلف قیاس آرائیاں شروع کردیں، یہاں تک کہ کچھ صارفین نے ان کی اہلیہ، اداکارہ انوشکا شرما کو بھی پوسٹ میں ٹیگ کردیا، جبکہ میمز بھی بنائی گئیں۔
معاملے کی شدت کو دیکھتے ہوئے ویرات کوہلی نے انسٹاگرام اسٹوری پر وضاحتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب میں اپنی انسٹاگرام فیڈ کلیئر کررہا تھا تو ممکن ہے کہ الگورتھم کی وجہ سے غلطی سے لائیک ہوگیا ہو، ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا، میں گزارش کرتا ہوں کہ بلا وجہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
واضح رہے کہ ایونیت کور کئی ہندی فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹر شمبن گل کی اداکارہ ایونیت کور کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہیں بھی میڈیا کی زینت بنی رہیں۔