وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ اور مختلف امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور جاری منصوبوں کا جائزہ بھی لیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این 25 کے منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے این ایچ اے کو ہر 6 ماہ بعد شرائط و ضوابط کا از سر نو جائزہ لینے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ این ایچ اے منصوبوں کی واضح پریزینٹیشن تیار کرے، موجودہ طریقہ کار میں بہتری لاکر کام کی رفتار تیز کرنا ہوگی۔ عبدالعلیم خان نے سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے کو سسٹم میں تبدیلی کا ٹاسک دے دیا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ویسٹ سیکٹر کے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر احکامات جاری کیے، اجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں این ایچ اے کے منصوبوں پر غور و خوض کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے مارکیٹنگ اور امیج بلڈنگ کو آؤٹ سورس کرے، خوبصورتی کیلئے ہارٹی کلچر فرمز کی خدمات حاصل کی جائیں۔
وفاقی سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر کو مختلف امور پر بریفنگ بھی دی۔