پاکستان کی مقبول اداکارہ یمنیٰ زیدی نے شاندار اداکاری اور بے پناہ مقبولیت کے ساتھ ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کے ڈرامے میں "میراب" کا کردار نبھانے پر یمنیٰ زیدی کو بہترین اداکارہ کا لکس اسٹائل ایوارڈ ملا جو ان کا چھٹا لکس اسٹائل ایوارڈ ہے۔
اس کامیابی کے ساتھ وہ لکس اسٹائل ایوارڈز کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔
یمنیٰ زیدی نے اس اعزاز پر اپنے انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا جس نے مداحوں کے دل جیت لیے۔
انہوں نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی ٹیم، ڈرامے کے پروڈیوسرز ، اپنے معاون اداکار وہاج علی اور سب سے بڑھ کر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
یمنیٰ نے لکھا میراب کے ساتھ مرتضیٰ کی موجودگی نے اس کردار کو مکمل کیا، وہاج کا شکریہ کہ اس نے مرتضیٰ کی صورت میں اتنی خوبصورتی سے میراب کا ساتھ نبھایا۔
اداکارہ نے نہ صرف اپنے مداحوں بلکہ ناقدین کا بھی شکریہ ادا کیا اور لکھا محبت کرنے والوں کا دل سے شکریہ اور تنقید کرنے والوں کا بھی کیونکہ انہوں نے ہمیں سوچنے، بہتر کرنے، اور سیکھنے کا موقع دیا۔
یمنیٰ زیدی کی اس کامیابی پر سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔