سعودی عرب نے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کیلئے ویزہ کے حصول میں مزید آسانیاں اور مکمل سپورٹ فراہم کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں نگران وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔
نگران وزیر آئی ٹی عمر سیف نے کہا پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کیلئے سعودی عرب پرکشش مارکیٹ ہے، سعودی عرب پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کیلئے ویزہ سہولت میں آسانی پیدا کرے،جس پر سعودی سفیر نے کہا آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں پاکستان سے مکمل تعاون کیا جائے گا ۔
یہ بھی پڑھیں:۔ جنوری میں میڈ ان پاکستان سستے موبائل فون قسطوں پر دستیاب ہونگے، نگران وزیر آئی ٹی
خیال رہے کہ نگران وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے نوجوانوں کیلئے آئی ٹی سیکٹر میں ہمیشہ تعاون کیا ہے وہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کو مستحکم کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں ۔ نگران وفاقی وزیر آئی ٹی عمر سیف نےکہا تھا کہ پاکستان میں 33 کمپنیوں نے 5 کروڑ ستر لاکھ کم قیمت موبائل فونز بنائے۔ انہوں نے آئندہ سال جنوری تک عوام کو میڈ ان پاکستان موبائل فونز قسطوں پر ملنے کی نوید سنائی تھی۔ انہوں نے آئندہ 2 سال میں 2 لاکھ افراد کو تربیت دینے اور 5 لاکھ فری لانسرز کیلئے ای روزگار سینٹرز بنانے کا اعلان کردیا۔