بھارتی اداکارہ چھایا قدم کے خلاف جنگلی جانوروں کا گوشت کھانے پر تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ چھایا قدم کی جانب سے جنگلی اور معدومی کے خطرے سے دوچار جانوروں کا گوشت کھانے کے اعتراف کے بعد محکمہ جنگلات نے ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے مانیٹر لیزارڈ اور سیہہ کا گوشت کھایا ہے، جو کہ قانونی طور پر محفوظ جانوروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
اداکارہ کے اس انکشاف کے بعد ممبئی میں جانوروں اور درختوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم "پلانٹ اینڈ اینیمل ویلفیئر سوسائٹی" نے ان کے خلاف باقاعدہ پولیس می شکایت درج کروا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چھایا قدم کو جلد تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔ محکمہ جنگلات کے ایک افسر نے بتایا کہ وہ اداکارہ سے فون پر رابطے میں ہیں، اور انہوں نے مطلع کیا ہے کہ وہ اس وقت شہر سے باہر ہیں اور چند روز میں واپس آئیں گی۔